Friday, 8 February 2013

بدین کی ملالہ ۔۔۔ لالی

وہ کہتے ہیں ناں کہ،  کسی کا بھوکا پیٹ ایک دن کیلیئے بھرنا ہو تو اسے مچھلی کھلا دو، اور کسی کا بھوکا پیٹ زندگی بھر کیلیئے بھرنا ہو تو اسےمچھلی  پکڑنا سکھادو ,,,, مجھے فلاں انکم سپورٹ، فلاں پیکج، اور فلاں سمارٹ کارڈ سے اس لیئے اللہ واسطہ کا بیر ہے کیوں کہ یہ ایک دن (یعنی حکومت کا دور مکمل ہونے تک) کیلیئے تو پیٹ بھر دے گا، لیکن مچھلی پکڑنا نہیں سکھائے گا! اور اقوام، پیٹ میں مچھلی بھرنے سے نہیں، دل و دماغ میں خود داری بھرنے سے بنا کرتی ہیں!

میں لکھوں گا لالی کے بارے  میں! بدین کی لالی ۔۔۔۔

کہتے ہیں کہ قسمت کے لکھے کو کوئی نہیں ٹال سکتا لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے  ہیں  کہ حالات جیسے بھی ہوں  اُن  کاسامنا دلیری کے ساتھ کرتے ہیں ۔بدین  کی لالی بھی انہی میں سے ایک ہے ، جس نے اپنی معذوری کو کمزوری نہیں بننے دیا۔ صرف معذوری ہوتی تو پھر بات تھی، لیکن معذوری، پھر غریبی، اور پھر یتیمی! یعنی ایک کمرہ ہو، اور تین اطراف سے دیواریں آہستہ آہستہ اس ایک کونے کی طرف بڑھ رہی ہیں، جہاں لالی بیٹھی ہے، سکڑی اور سمٹی ۔۔۔۔

چوبیس سالہ لالی ۔  مفلسی و تنگدستی کے ساتھ جسمانی معذوری بھی اسے ورثے میں ملی ۔لیکن اس نے  ہمیشہ  محنت کی عظمت پر یقین رکھا ۔ اسی لئے اس نے اوزاروں کو بہتر جانا ۔جو اب اس کی روزی روٹی کا ذریعہ بن  گیا ہے۔ دونوں ٹانگوں سے معذور ہونے کے باوجود لالی سائیکلیں بنا کر اپنا پیٹ پالتی ہے۔


لالی کہتی ہے
"میرے ماں باپ بھی نہیں ہیں دونوں ٹانگوں سے معذور بھی ہوں میں سائیکل بنانے کا کام کرتی ہوں اور روزی روٹی کماتی ہوں"

میرے نزدیک لالی کسی بھی ملالہ، کسی بھی علی معین نوازش سے کم نہیں ۔۔۔۔ شاید ان سے بھی اوپر! کہ اسے نہ ہی حکومتی سپرستی حاصل ہے، نہ ہی یہ جدی پشتی امیر، اور نہ ہی کیمرے کی چکا چوند اس کا پیچھا کرتی ہے! بھلا خودداری کو نمو پانے کیلیئے بھی ان چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے؟

جس دکان میں لالی سائیکل کی مرمت کا کام کرتی ہے، اس دکان کا مالک اپنے جذبات کچھ یوں بیان کرتا ہے

"لالی ہفتہ میں تین چار مرتبہ آتی ہے سائیکلیں بناتی ہے اور مزدوری سے اپنا گذارہ کرتی ہے"

ویسے مغربی معاشرے کو چھوڑیں، اگر ایسی کوئی خبر پروسی ملک بھارت میں رپورٹ ہوئی ہوتی تو ٹاپ ہیڈ لائن، ٹاپ سٹوری ہوتی ۔۔ لیکن شاید ابھی پاکستان میں صحافتی بلوغت آنا باقی ہے، اور اس بلوغت کو تشہیری "وقفہ" روکے رکھے ہیں ۔۔۔ سمجھ نہیں آیا تو ۔۔۔ پوگو میرے دوست!
ٴ

خوشی ہوتی ہے، اور سچ کہوں تو، آنکھیں نم بھی ہوجاتی ہیں ۔۔ میرا ملک اتنی جلدی ہار نہیں مانے گا ۔۔ لالی کچھ بھی کرسکتی تھی، بھیک مانگ سکتی تھی، کسی غلط فعل میں پڑ سکتی تھی، لیکن اس نے محنت میں ہی عظمت جانی، شاباش لالی!

6 comments:

  1. arre hassan butt aap yahan :) shukria

    ReplyDelete
  2. Thats the spirit, thats the courage! Its only perseverance that leads u towards your objective

    ReplyDelete
    Replies
    1. and courage dnt needs money support! it needs thw will power!

      Delete
  3. excellent faisal bhai

    ReplyDelete